براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے آٹھویں روز مزید پانچ بین الاقوامی کوہ پیماؤں کی لاشیں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے سکردو منتقل کردی گئیں۔
سکردو ایوی ایشن پر سول و عسکری حکام، عمائدین شہر، متعلقہ اداروں کے نمائندوں اور کوہ پیماؤں کی بڑی تعداد نے میتیں وصول کیں، جنہیں بعد ازاں ضروری کارروائی کے لیے سی ایم ایچ سکردو منتقل کردیا گیا۔
منتقل کی جانے والی میتوں میں عالمی شہرت یافتہ نیپالی کوہ پیما نرمل پُرجا بھی شامل ہیں، جن کی وفات کو عالمی کوہ پیمائی برادری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق براڈ پیک حادثے میں لاپتا ہونے والے 10 کوہ پیماؤں میں سے اب تک 8 کی لاشیں برآمد ہو چکی ہیں، جبکہ باقی دو کوہ پیماؤں کی تلاش دشوار گزار موسم اور سخت جغرافیائی حالات کے باوجود جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد میں پاکستانی کوہ پیما سہیل سخی بھی شامل ہیں، جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔
ریسکیو آپریشن میں پاک فوج، مقامی ریسکیو ٹیمیں اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر حصہ لے رہے ہیں۔