لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی صارفین سے اضافی وصولیوں کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کرلیا۔
دستاویزات کے مطابق لیسکو نے نیپرا کو 2 ارب 35 کروڑ روپے اضافی وصول کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔ کمپنی کا مؤقف ہے کہ اپریل سے جون 2026 کے دوران بجلی کی پیداوار اور فروخت میں فرق، کیپسٹی چارجز، ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ، نیٹ میٹرنگ صارفین کے اثرات، ٹرانسمیشن چارجز اور دیگر آپریشنل اخراجات کے باعث مالی بوجھ میں اضافہ ہوا۔
لیسکو کے مطابق بجلی کی فروخت میں کمی سے فی یونٹ لاگت بڑھ جاتی ہے، جس کے باعث نظام کے اخراجات پورے کرنے کے لیے ٹیرف میں ایڈجسٹمنٹ ضروری ہو جاتی ہے۔
کمپنی کی جانب سے جمع کرائی گئی دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں گھریلو صارفین کی بجلی کی کھپت میں 8 فیصد جبکہ کمرشل صارفین کی کھپت میں 7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ مجموعی طور پر بجلی کے استعمال میں تقریباً 4 فیصد کمی آئی ہے۔
سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی درخواست پر حتمی فیصلہ نیپرا کرے گا۔ درخواست منظور ہونے کی صورت میں اضافی رقم بجلی صارفین کے بلوں میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔