قائد اعظم اکیڈمی کے زیر اہتمام بانیِ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 150 ویں سالگرہ اور پاکستان کی 79 ویں سالگرہ کی مناسبت سے 6 اگست 2026 کو مزارِ قائد میں "ایک قوم، ایک پیغام، ایک قائد" کے عنوان سے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمانِ خاص، ایس بی بی دیوان یونیورسٹی کے وائس چانسلر اورنگزیب نے اپنے خطاب میں نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) اور فری لانسنگ کو بطورِ کیریئر اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید دنیا تیزی سے بدل رہی ہے جس کے لیے خود کو حالات کے مطابق ڈھالنے والی نسل کی ضرورت ہے، لہٰذا روایتی رٹا سسٹم اب ناکارہ ہوچکا ہے۔
وائس چانسلر نے قائد اعظم کو عظیم بصیرت اور عزمِ مصمم کا حامل رہنما قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر ان کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی۔ انہوں نے طالبات کی بھرپور شرکت کی تعریف کرتے ہوئے اسے ملک کے روشن مستقبل کے لیے ایک مثبت علامت قرار دیا۔
اس موقع پر ریزیڈنٹ انجینئر عبدالعلیم شیخ نے قائد اعظم کے متحدہ قوم کے وژن کو دہراتے ہوئے نوجوانوں میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت، ہمت اور حکمتِ عملی بے مثال تھی جس کی بدولت قیامِ پاکستان ایک تاریخی معجزہ بنا۔
تقریب کے دوران طلبہ و طالبات نے ملی نغمے، خاکہ (ٹیبلو) اور تقاریر پیش کیں جن میں حب الوطنی اور قومی یکجہتی کا جذبہ نمایاں تھا۔ بعدازاں شرکاء نے مزارِ قائد کے اندرونی حصے کا دورہ کیا، بانیِ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی تعالیم پر عمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔