وزیراعظم شہباز شریف وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی سعودی عرب گئے ہیں۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف کی سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ شراکت داری، باہمی تعاون کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اپنے دورۂ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی سعادت بھی حاصل کریں گے، جبکہ مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ پر حاضری دے کر سلام پیش کریں گے۔

حکومتی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دہائیوں پر محیط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور مضبوط شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔ اعلامیے کے مطابق دورے سے دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر باہمی ہم آہنگی کو مزید فروغ ملنے کی توقع ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US