وفاقی حکومت کی پی ٹی آئی کو ایک بار پھر سیاسی مذاکرات کی دعوت

image

وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی مذاکرات کی دعوت دیتے ہوئے اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا ہے۔

اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے چیف وہیپ عامر ڈوگر نے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری بھی شریک ہوئے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران حکومتی نمائندوں نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی باضابطہ پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس میں پی ٹی آئی کی تجویز کردہ جگہ پر بھی بات چیت کا انعقاد کیا جا سکتا ہے تاکہ سیاسی معاملات کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا جاسکے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش سیاسی چیلنجز کا واحد مؤثر حل مذاکرات ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دعوت دی جاچکی ہے اور اب فیصلہ پی ٹی آئی کو کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے اپوزیشن لیڈر کو مذاکرات کی دعوت پر تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا، تاہم امید ہے کہ پی ٹی آئی اس پیشکش کو سنجیدگی سے لے گی اور مثبت پیش رفت ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US