وفاقی جمہوریہ صومالیہ کے وزیر دفاع، سفیر احمد معلم فقی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے جمعرات کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و صومالیہ کے درمیان دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کو مزید فروغ دینے سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عسکری روابط کو مزید مضبوط بنانے اور استعداد کار میں اضافے کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔
صومالی وزیر دفاع نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مستقل حمایت اور پاک مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صومالیہ کے سیکیورٹی نظام کو مضبوط بنانے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔