بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران ”فتنہ الہندوستان“ سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گرد ہلاک کر دیے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائیاں 5 اور 6 اگست کو ضلع واشک اور مستونگ میں ”رَدُّ الفتنہ-3“ کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
بیان کے مطابق واشک میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے چھ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا اور ان کی نقل و حرکت کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مستونگ میں بھی انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جس کے جواب میں ہونے والے شدید فائرنگ کے تبادلے میں مزید 6 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ان کا ٹھکانہ بھی تباہ کردیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق دونوں کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کا مظاہرہ کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ”عزمِ استحکام“ کے تحت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز بلا تعطل جاری ہیں اور سیکیورٹی فورسز و قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر نے عزم ظاہر کیا کہ بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی۔