ملائیشیا: خاتون سے مبینہ چھیڑ چھاڑ کے مقدمے میں پاکستانی شہری پر فردِ جرم عائد

image

ملائیشیا میں ایک خاتون سے مبینہ نازیبا رویے کے الزام میں پاکستانی شہری کے خلاف باقاعدہ فردِ جرم عائد کردی گئی۔ ملزم نے عدالت میں پیش ہو کر اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 33 سالہ پاکستانی شہری، جو ملائیشیا کے شہر باتو پاہت میں عطر فروخت کرنے کا کام کرتا ہے، پر الزام ہے کہ اس نے 26 سالہ خاتون کے ساتھ ملاقات کے دوران مبینہ طور پر اس کی عزتِ نفس مجروح کرنے کی کوشش کی۔

استغاثہ کے مطابق دونوں کی جان پہچان سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی، جس کے بعد ملزم نے خاتون کو ملاقات کے لیے بلایا۔ بتایا گیا ہے کہ یکم اگست کی شام ایک پارکنگ میں کھڑی گاڑی کے اندر یہ واقعہ پیش آیا۔ الزام ہے کہ جب خاتون وہاں سے جانے لگی تو ملزم نے اس کے ساتھ مبینہ طور پر نامناسب حرکت کی، جس پر خاتون نے بعد میں پولیس سے رجوع کیا۔

پولیس نے شکایت موصول ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ اس کے خلاف ملائیشیا کے تعزیراتی قانون کی دفعہ 354 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کے تحت جرم ثابت ہونے کی صورت میں قید، جرمانہ، کوڑوں کی سزا یا ان میں سے ایک سے زائد سزائیں دی جاسکتی ہیں۔

عدالت نے ملزم کی 7 ہزار ملائیشین رنگٹ کے ضمانتی مچلکوں کے عوض رہائی منظور کرتے ہوئے کیس کی اگلی سماعت 25 ستمبر مقرر کردی، جہاں مقدمے سے متعلق دستاویزات پیش کیے جائیں گے اور ملزم اپنا وکیل بھی مقرر کرے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US