وزیر خزانہ کا پائیدار معاشی ترقی پر زور، بوم اینڈ بسٹ سائیکل ختم کرنے کا اعلان

image

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ 2024 میں جب وہ اسٹاک ایکسچینج آئے تھے تو مارکیٹ تقریباً 67 ہزار پوائنٹس پر تھی، جبکہ اب یہ ایک لاکھ 70 ہزار پوائنٹس کی سطح تک پہنچ چکی ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق ستمبر میں ریکارڈ 25 ہزار نئے سرمایہ کاری اکاؤنٹس کھولے گئے جن میں زیادہ تر نوجوانوں، خصوصاً جنریشن زی کی شرکت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپٹل مارکیٹ میں کمپنیوں کی لسٹنگ بڑھ رہی ہے اور کاروبار اپنے منصوبوں کی توسیع کے لیے مارکیٹ سے سرمایہ حاصل کر رہے ہیں۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے میکرو اکنامک استحکام بنیادی ضرورت ہے اور حکومت بوم اینڈ بسٹ سائیکل ختم کرکے پائیدار ترقی پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کا کام نجی شعبے کو کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے جبکہ نجی شعبے کو ترقی کی قیادت کرنی ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 60 ارب روپے جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ بینکنگ انڈسٹری 340 ارب روپے کی منظوری دے چکی ہے۔ اب اصل چیلنج قرضوں کی منظوری نہیں بلکہ سپلائی سائیڈ کو آگے بڑھانا ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ نجکاری پروگرام تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور ڈسکوز کی نجکاری میں ترک کمپنیوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ امریکا میں کان کنی اور آئل اینڈ گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی مختلف کمپنیوں سے بات چیت ہوئی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر سدھو نے کہا کہ 2026 میں اب تک 13 آئی پی اوز کے ذریعے 26 ارب روپے کا سرمایہ حاصل کیا گیا جبکہ مارکیٹ تک رسائی آسان ہونے سے سرمایہ کاروں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے نیا ناظم آباد اپارٹمنٹس REIT کی لسٹنگ کو رئیل اسٹیٹ شعبے کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

عارف حبیب نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان یورو بانڈ کو عالمی مارکیٹ میں مثبت ردعمل ملا، جبکہ موڈیز اور فچ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے۔ ان کے مطابق اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 21.4 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور ترسیلاتِ زر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سال میں مارکیٹ نے 58 فیصد منافع دیا جبکہ پاکستان کیپٹل مارکیٹ میں اب بھی مزید گنجائش موجود ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US