محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں بوندا باندی کا امکان ظاہر کرتے ہوئے پنجاب اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی آج مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے ضلع دیامر میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلابی ریلوں نے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی ہے۔ وادی نیاٹ، لوشی، بابوسر اور گیس بالا سمیت متعدد مقامات بارش اور سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں، جہاں مقامی انتظامیہ امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
سیلابی صورتحال کے باعث گینی کے مقام پر شاہراہ قراقرم کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے جس سے آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
ادھر ضلع چترال میں سیلاب سے متاثرہ یونین کونسل بروز، گرم چشمہ، شاشا اور گمبس گول میں بحالی اور امدادی کام جاری ہیں، جبکہ مستوج۔گلگت روڈ کو بحالی کے بعد چھوٹی گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔