جھنگ میں سیوریج لائن کی صفائی کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں واسا کے نجی ٹھیکیدار کمپنی کے دو ملازمین دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق واقعہ صدر تانگہ اڈا کے قریب اس وقت پیش آیا جب نجی کمپنی کے ملازمین مین ہول میں اتر کر صفائی کا کام کر رہے تھے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور کارروائی کے بعد دونوں افراد کی لاشیں مین ہول سے باہر نکال لیں۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 24 سالہ کاشف علی، ساکن لاہور، اور 26 سالہ عابد علی، ساکن اوکاڑہ، کے نام سے ہوئی ہے۔ ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دونوں کی لاشیں ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔