موسم میں بہتری آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے معروف سیاحتی مقام جھیل سیف الملوک جانے والی سڑک دوبارہ سیاحوں کے لیے کھول دی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیاح اب روزانہ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جھیل سیف الملوک روڈ پر سفر کر سکیں گے۔ ایک ہفتہ قبل خراب موسم، شدید بارشوں اور سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر اس سڑک کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سڑک کی بندش کا مقصد صرف سیاحوں کی جان و مال کا تحفظ اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا تھا۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ اگر آئندہ موسم دوبارہ خراب ہوتا ہے تو اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد جھیل سیف الملوک روڈ کو دوبارہ بند کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا ہے کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی سفری ایڈوائزری اور محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کی روشنی میں کسی بھی وقت سڑک کو دوبارہ بند کیا جاسکتا ہے۔
انتظامیہ نے سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ جھیل سیف الملوک کا سفر کرنے سے قبل موسم کی تازہ صورتحال اور سرکاری سفری ہدایات ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے یا ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہا جاسکے۔