میٹر ٹیمپرنگ کیس: ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، فیسکو کے دو اہلکاروں سمیت تین افراد گرفتار

image

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بجلی چوری کے خلاف فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے میٹر ٹیمپرنگ کیس میں فیسکو کے دو اہلکاروں سمیت تین افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق رسول پورہ کی ایک ویونگ فیکٹری میں بجلی چوری کی شکایت پر تحقیقات کی گئیں، جن کے دوران فیسکو کے بعض اہلکاروں کے مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئے۔ تحقیقات کے بعد اسسٹنٹ لائن مین ذیشان کو گرفتار کر لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ میٹر ریڈر وحید اور الیکٹریشن عدنان بھی تحویل میں ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق میٹر کا سافٹ ویئر ری سیٹ کر کے غیر قانونی طور پر بجلی چوری کرائی جاتی تھی۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے بجلی چوری کی سہولت فراہم کرنے کے عوض 20 لاکھ روپے وصول کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US