خیبر پختونخوا حکومت نے جائیداد اور ریونیو معاملات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے سنٹرلائزڈ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
محکمہ ریونیو کے مطابق منصوبے کا مقصد جائیداد کے انتقالات اور دیگر ریونیو معاملات سے متعلق عوامی شکایات کا خاتمہ، سروس ڈلیوری میں بہتری اور نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے ویب بیسڈ نظام کے تحت جائیداد سے متعلق تمام ریکارڈ اور خدمات کو مرحلہ وار کمپیوٹرائزڈ کیا جائے گا، جبکہ صوبے بھر میں قائم 64 سروس ڈلیوری سینٹرز کے ذریعے شہریوں کو تیز رفتار اور جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
نئے نظام کے تحت شہری گھر بیٹھے فرد، فردِ بدر، انتقال اور دیگر ریونیو خدمات آن لائن حاصل کر سکیں گے، جبکہ لینڈ ریکارڈ تک رسائی بھی پہلے سے زیادہ آسان بنا دی جائے گی۔
محکمہ ریونیو کے مطابق اس منصوبے سے کرپشن کے خاتمے، شفافیت کے فروغ، جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال اور عوام کو معیاری خدمات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ حکومت نے ایک سال کے اندر محکمہ ریونیو کی تمام خدمات آن لائن منتقل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
حکام کے مطابق محکمہ خزانہ سے فنڈز کے اجرا کے بعد منصوبے پر عملی کام شروع کر دیا جائے گا، جبکہ نئے نظام کے ذریعے لینڈ ریکارڈ کی بروقت اپ ڈیٹ، مؤثر نگرانی اور بہتر دیکھ بھال بھی ممکن ہوسکے گی۔