رانا ثنا کا آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت بنانے کا دعویٰ، وعدے پورے کرنے کے عزم کا اظہار

image

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اب ان سے کیے گئے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کا وقت آ گیا ہے۔

حویلی میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں عوام نے اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور مسلم لیگ (ن) کو حکومت سازی کے لیے واضح مینڈیٹ حاصل ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی اب تک 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 23 نشستیں کافی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات شفاف انداز میں منعقد ہوئے، جن کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ ان کے بقول کشمیری عوام نے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کیا ہے اور مسلم لیگ (ن) ان سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حقیقی ترقی اس دور میں ہوئی جب پاکستان اور آزاد کشمیر دونوں میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت تھی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب کی طرز پر ترقیاتی منصوبے آزاد کشمیر میں بھی شروع کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر رہنے والے عوام پاکستان کا فخر ہیں، جنہوں نے وطن کے دفاع کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی ان کے حقوق اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US