جسٹس مسرت ہلالی سپریم کورٹ سے ریٹائر، فل کورٹ ریفرنس منعقد

image

سپریم کورٹ کی جج جسٹس مسرت ہلالی ریٹائر ہوگئیں۔ ان کے اعزاز میں سپریم کورٹ میں فل کورٹ ریفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، سپریم کورٹ کے ججز، وکلا اور قانونی برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے جسٹس مسرت ہلالی کی پیشہ ورانہ خدمات، جرات اور سادگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس مسرت ہلالی کو ایک باوقار، باہمت اور ہمیشہ مسکراتے ہوئے جج کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

اپنے الوداعی خطاب میں جسٹس مسرت ہلالی نے اپنی کامیابیوں کا سہرا والدین کی تربیت اور دعاؤں کو دیتے ہوئے کہا کہ انہی کی رہنمائی نے انہیں اس مقام تک پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں خیبرپختونخوا سے بار کا انتخاب جیتنے، پشاور ہائی کورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس اور صوبے سے سپریم کورٹ کی پہلی خاتون جج ہونے کا اعزاز حاصل رہا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار ہارون الرشید نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل سیاسی جماعتوں کے درمیان بامعنی مذاکرات میں ہے۔ انہوں نے آئین کے دائرہ کار میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بہتر طرزِ حکمرانی، معاشی ترقی اور سیاسی استحکام کو فروغ مل سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US