سیشن کورٹ لاہور نے اٹارنی جنرل پاکستان کے گھر پر مبینہ پولیس چھاپے سے متعلق مقدمے میں نامزد پانچ ملزمان کو 12 اگست تک گرفتار کرنے سے روک دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار احمد نے ملزمان کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف حقائق کے برعکس مقدمہ درج کیا گیا ہے اور وہ تفتیشی حکام کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنا چاہتے ہیں، تاہم انہیں گرفتاری کا خدشہ ہے، لہٰذا عبوری ضمانت منظور کی جائے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد خاتون پولیس اہلکار سیرت طارق سمیت پانچوں ملزمان کی عبوری ضمانت 12 اگست تک منظور کرتے ہوئے انہیں تفتیش میں شامل ہونے کا حکم دے دیا۔
مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان میں عمران خان، سلمان خوشی، نجف علی اور ذیشان اکرم شامل ہیں۔ اس حوالے سے مقدمہ تھانہ سرور روڈ پولیس نے درج کر رکھا ہے۔