میجر طفیل محمد شہید نشان حیدر کی 68 ویں برسی آج ملک بھر میں عقیدت و احترام کیساتھ منائی جارہی ہے۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور مسلح افواج کے افسران و جوانوں نے میجر طفیل محمد شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تحصیل بوریوالہ میں میجر طفیل محمد شہید کی یادگار پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور مزار پر پھول چڑھائے گئے۔ شہید کے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
میجر طفیل محمد شہید نے اگست 1958 میں لکشمی پور سیکٹر میں دشمن کے خلاف کارروائی کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔شدید زخمی ہونے کے باوجود انہوں نے پیش قدمی جاری رکھی اور دشمن کے مورچوں کا مقابلہ کرتے ہوئے سیکٹر کا قبضہ چھڑانے میں کامیاب ہوئے، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔
میجر طفیل محمد شہید کی بے مثال شجاعت اور عظیم قربانی کے اعتراف میں انہیں ملک کے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔