آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں پونچھ ڈویژن کے دو اضلاع باغ اور حویلی کے 4 انتخابی حلقوں میں کل 10 اگست کو پولنگ ہوگی، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
چاروں حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ مجموعی طور پر 82 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید اور مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار محسن عزیز کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
الیکشن حکام کے مطابق پولنگ کے لیے انتخابی و سکیورٹی عملے اور ضروری پولنگ سامان کی پولنگ اسٹیشنز تک منتقلی کا عمل آج شام تک مکمل کرلیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے ترجمان کے مطابق باغ اور حویلی میں انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگئی، جس کے بعد انتخابی سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر پہلے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ راولاکوٹ اور سدھنوتی کے حلقوں کے لیے آئندہ سات روز کے دوران انتخابی شیڈول کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے، تاہم امیدواروں کو انتخابی مہم کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے گا۔