نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے سوشل میڈیا پر جعلی ٹریکنگ آئی ڈیز اور غیر مصدقہ معلومات کے حوالے سے شہریوں کو خبردار کردیا۔
نادرا ترجمان کے مطابق شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے سوشل میڈیا کے کمنٹس میں ٹریکنگ آئی ڈی فراہم کرنے کی سہولت نہیں دی جاتی، اس لیے شہری نادرا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کمنٹس کے ذریعے اپنی ٹریکنگ آئی ڈی ہرگز شیئر نہ کریں۔
ترجمان نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ نادرا سے متعلق کسی بھی معاملے میں صرف سرکاری ذرائع اور تصدیق شدہ پلیٹ فارمز سے رابطہ کیا جائے اور سوشل میڈیا پر موجود غیر مصدقہ لنکس، اکاؤنٹس اور پیغامات پر اعتماد نہ کیا جائے۔
نادرا کے مطابق ٹریکنگ آئی ڈی سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے لیے شہری 8400 پر ایس ایم ایس کرسکتے ہیں، جبکہ نادرا ہیلپ لائن 051-111-786-100 یا موبائل فون سے 1777 پر بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ شہری اپنی درخواستوں اور نادرا سے متعلق مختلف خدمات کے لیے پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔
نادرا نے شہریوں پر زور دیا کہ شناخت اور ذاتی معلومات کو محفوظ رکھنے کے لیے سوشل میڈیا پر کسی بھی غیر مصدقہ ذریعے کے ساتھ حساس معلومات شیئر کرنے سے گریز کیا جائے۔