کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کو ملنے والا فی یونٹ ایک روپے 99 پیسے کا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ریلیف رواں ماہ ختم ہونے جا رہا ہے جس کے بعد ستمبر سے بجلی کے نرخوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوری تا مارچ 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ملک بھر کے صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد کا ریلیف دیا جا رہا ہے۔ یہ ریلیف جون 2026 سے جاری ہے اور اس کی تین ماہ کی مدت اگست میں مکمل ہوجائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر سے لاگو ہونے کا امکان ہے۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے اس حوالے سے نیپرا میں درخواست دائر کرتے ہوئے صارفین پر 23 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ منتقل کرنے کی استدعا کی ہے۔
درخواست کے مطابق مجوزہ اضافہ تقریباً ایک روپے فی یونٹ بنتا ہے، تاہم صارفین کے لیے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں حتمی کتنا اضافہ کیا جائے گا، اس کا فیصلہ نیپرا کرے گا۔