آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ تیسرے مرحلے میں ایل اے 14، ایل اے 15، ایل اے 16 اور ایل اے 17 کے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق چاروں حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز رجسٹرڈ ہیں، جبکہ تیسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 82 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں۔ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پونچھ اور سدھنوتی کے بعض حلقوں میں انتخابات مؤخر کردیے گئے ہیں۔
آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے مسلم لیگ (ن) نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات ہوئے، جن میں مسلم لیگ (ن) نے 15 اور پیپلز پارٹی نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔