ٹریلین ڈالر معیشت کا ہدف، حکومت کا ویژن پاکستان 2047 لانچ کرنے کا فیصلہ

image

حکومت نے ملکی معیشت کو ٹریلین ڈالر کی سطح تک پہنچانے اور طویل المدتی معاشی ترقی کے لیے ’ویژن پاکستان 2047‘ شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف 12 اگست کو ’ویژن پاکستان 2047‘ کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ پروگرام کے تحت ملکی معیشت، ترقی اور پائیدار معاشی نمو کے لیے طویل المدتی حکمت عملی متعارف کرائی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویژن پاکستان 2047 میں نوجوان نسل کے لیے معاشی استحکام، خوشحالی اور جدت کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے خصوصی اقدامات بھی شامل ہوں گے۔

حکومت نے وزارت منصوبہ بندی کے ’اڑان پاکستان‘ منصوبے کو بھی ویژن پاکستان 2047 کے تقاضوں کے مطابق تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں اور متعلقہ اداروں سے منصوبے کے لیے اہداف طلب کر لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تمام وزارتوں کو اسٹریٹجک اہداف، ضروری اصلاحات اور طویل المدتی ترقیاتی ایجنڈا فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ قومی ترقی، معاشی تبدیلی، انسانی وسائل کی ترقی اور ٹیکنالوجی سے متعلق اہداف بھی ویژن پاکستان 2047 کا حصہ ہوں گے۔

حکومت نے منصوبے میں موسمیاتی پائیداری اور گورننس اصلاحات سمیت دیگر اہم شعبوں کے لیے بھی واضح اہداف مقرر کرنے کی ہدایت کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US