محکمہ موسمیات نے ربیع الاول 1448 ہجری کے آغاز سے متعلق پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے اسلامی مہینے کا آغاز 15 اگست سے ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 13 اگست کی شام ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، جس کے باعث یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہونے کی توقع ہے۔ اس حساب سے 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو متوقع ہے۔
تاہم ربیع الاول کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
پیشگوئی درست ثابت ہونے کی صورت میں عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر 26 اگست کو پاکستان میں عام تعطیل ہوگی۔
دوسری جانب اگست کے دوران پاکستان میں مجموعی طور پر 12 تعطیلات متوقع ہیں، جن میں دو وفاقی اور 10 ہفتہ وار تعطیلات شامل ہیں۔ یوم آزادی 14 اگست جمعہ کو ہوگا، جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی ہفتہ وار تعطیلات کے باعث شہریوں کو مسلسل تین روزہ تعطیلات ملیں گی۔
ادھر متحدہ عرب امارات نے بھی عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر جمعہ 28 اگست 2026 کو عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ اماراتی حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق تعطیل سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے ملازمین کے لیے ہوگی۔
ہفتہ اور اتوار کو ہفتہ وار تعطیلات کرنے والے ملازمین کے لیے 28 اگست کی عام تعطیل کے باعث تین روزہ تعطیلات ہوں گی، جو 28 سے 30 اگست تک جاری رہیں گی۔