27 ستمبر کو احتجاج کی قیادت خود کروں گا، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

image

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والا احتجاج باہمی مشاورت سے طے کیا گیا ہے اور وہ خود اس کی قیادت کریں گے۔

ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ احتجاج میں کم از کم 20 لاکھ افراد کی شرکت متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی پوری قیادت اس بات پر متفق ہے کہ اب مزاحمت کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ اس مرتبہ کامیابی کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور مذاکرات کی پیشکش کے بجائے صرف دھمکیاں مل رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج ایک روز کا ہوگا تاہم یہ صرف ایک مقام تک محدود نہیں ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی کی صحت کی صورتحال سنگین ہونے کی صورت میں ہنگامی کال دی جا سکتی ہے، تاہم ایسی صورتحال میں بھی 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی کال برقرار رہے گی۔

سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر انہیں نااہل یا گرفتار کیا گیا تو پارٹی کا جھنڈا کوئی اور سنبھالے گا۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتاری کی صورت میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق احکامات پر مشتمل ویڈیو بھی ریکارڈ کروا دی ہے جبکہ پارٹی قیادت کا ہنگامی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف مقدمات کی میرٹ پر سماعت اور عدالت کے ذریعے ان کی رہائی چاہتے ہیں، جبکہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی بحالی بھی ان کے مطالبات میں شامل ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے واضح کیا کہ دونوں مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاج ختم نہیں کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US