پنجاب حکومت نے ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کافی شاپس اور میرج ہالز سمیت متعلقہ کاروباری مراکز میں کچی رسیدوں کے اجرا پر پابندی عائد کردی ہے۔
حکومت کی جانب سے تمام متعلقہ کاروباروں کے لیے الیکٹرانک انوائس مانیٹرنگ سسٹم (ای آئی ایم ایس) کا نفاذ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ صارفین کو جاری کی جانے والی رسید پر کاروبار کا نام، پتہ، رسید نمبر اور پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) کا کیو آر کوڈ درج ہونا ضروری ہوگا۔
حکام کے مطابق ای آئی ایم ایس کے تحت رسید جاری نہ کرنے یا مقررہ نظام کی خلاف ورزی کی صورت میں 4 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جاسکے گا۔
قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کا کاروبار ایک ماہ تک سیل کیا جاسکے گا۔
حکومت نے صارفین کو کچن آرڈر سلپس، غیر ادا شدہ بل یا اس نوعیت کی دیگر دستاویزات کو باقاعدہ رسید کے طور پر جاری کرنے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔ کاروباری مراکز کو ہدایت کی گئی ہے کہ صارفین کو صرف مقررہ الیکٹرانک نظام کے تحت قانونی رسید جاری کی جائے۔