خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کراچی میں پاکستان کے پہلے آٹزم رہائشی مرکز کا افتتاح کردیا، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ کورنگی میں پاکستان کا پہلا جامع آٹزم پارک بھی قائم کردیا گیا ہے، جبکہ سی-آرٹس (C-ARTS) ملک کا پہلا ایسا مرکز ہے جہاں آٹزم سے متاثرہ بچوں کو تشخیص سے لے کر تعلیم، بحالی اور روزگار تک مختلف سہولیات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
خاتونِ اول نے بتایا کہ آٹزم کا شکار بچوں کے لیے مفت علاج، ٹرانسپورٹ اور وظائف کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ کراچی کے علاوہ حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ میں بھی سی-آرٹس کے مراکز فعال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں قائم کیے گئے نئے رہائشی مرکز میں آٹزم سے متاثرہ بچوں کو جامع نگہداشت کے ساتھ ساتھ طویل المدتی بحالی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاکہ انہیں بہتر اور خودمختار زندگی گزارنے کے قابل بنایا جاسکے۔
آصفہ بھٹو زرداری کے مطابق C-ARTS کا رجسٹریشن پورٹل بھی فعال کردیا گیا ہے، جس کے ذریعے آٹزم سے متاثرہ ہر بچے کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب کیا جائے گا۔