شیخ زاید اسپتال لاہور میں 10 بستروں پر مشتمل جدید چلڈرن ایمرجنسی یونٹ قائم ہوگا: مصطفیٰ کمال

image

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے لاہور کے شیخ زاید اسپتال میں 10 بستروں پر مشتمل جدید چلڈرن ایمرجنسی یونٹ قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

اس سلسلے میں وزارت صحت اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور سیکریٹری صحت اسلم غوری نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شیخ زاید انسٹی ٹیوٹ اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

معاہدے کے تحت شیخ زاید اسپتال لاہور میں بچوں کے لیے جدید سہولیات سے آراستہ 10 بستروں پر مشتمل ایمرجنسی یونٹ قائم کیا جائے گا، جہاں ایمرجنسی کی صورت میں بچوں کو فوری اور معیاری طبی امداد فراہم کی جائے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بچوں کی اموات میں کمی لانے کے لیے جدید اور مؤثر ایمرجنسی مراکز کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ حکومت بچوں کی صحت کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کرتی ہے اور بچوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لیے ایمرجنسی کیئر کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائلڈ لائف فاؤنڈیشن اور شیخ زاید انسٹی ٹیوٹ کے درمیان شراکت داری بچوں کی ایمرجنسی صحت کے شعبے میں اہم پیش رفت ثابت ہوگی۔ نئے یونٹ کے قیام سے بچوں کو فوری، معیاری اور مؤثر طبی سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ صحت کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے مزید بہتری لائی جاسکتی ہے، چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون بھی اسی وژن کا حصہ ہے۔ سرکاری اسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے اور بچوں کی ایمرجنسی کیئر کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US