آزاد کشمیر الیکشن، پیپلز پارٹی نے باغ اور حویلی میں 2 نشستیں جیت لیں

image

آزاد کشمیر کے تیسرے مرحلے کے انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان اپنی آبائی نشست سے بھی شکست کھا گئے ہیں۔

ابتدائی نتائج کے مطابق ضلع باغ اور حویلی کے حلقوں میں پاکستان پیپلز پارٹی نے 2 جبکہ مسلم لیگ ن نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی ہے۔

حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے تمام 213 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاء القمر 16 ہزار 637 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق منہاس 15 ہزار 15 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

حلقہ ایل اے 17 حویلی کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے امیدوار فیصل ممتاز راٹھور 31 ہزار 839 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز 28 ہزار 975 ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے۔

دوسری جانب حویلی کے انتخابی نتائج پر مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے اعتراضات اٹھا دیے ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور پر مبینہ دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔

چوہدری محسن عزیز کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد ہونے کے بعد انہوں نے پارٹی کارکنوں کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر دھرنا دے دیا۔

لیگی امیدوار کا دعویٰ ہے کہ انتخابی نتائج میں مبینہ ٹمپرنگ کے ذریعے حلقے کا نتیجہ تبدیل کیا گیا۔ ان کے مطابق ان کے پاس تمام پولنگ اسٹیشنز کے پریزائیڈنگ افسران کے نتائج موجود ہیں، جن کے مطابق وہ تمام پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 8 ہزار 600 ووٹوں کی برتری سے کامیاب ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US