وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کا گزشتہ تین سال کا آزادانہ تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے امور سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز اور ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز میں کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ غیر قانونی سرگرمی یا بے ضابطگی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی فزیکل اسٹاک ویریفکیشن بھی کرائی جائے گی، جبکہ ویئر ہاؤسز کی لائسنسنگ اور سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کسٹمز ویئر ہاؤسز میں پیٹرولیم مصنوعات سے متعلق کارگو کی نگرانی وی-باک (WeBOC) سسٹم سے منسلک ہے، جبکہ بانڈڈ تجارت ملک کی مجموعی درآمدات کا 16.5 فیصد ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ کسٹمز بانڈڈ ویئر ہاؤسز کی ویلیوایشن ٹیسٹنگ کرائی جائے گی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے نظام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ویئر ہاؤسز میں موجود بے ضابطگیوں کے خاتمے کے لیے ضروری اقدامات جاری ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم ڈویژن علی پرویز ملک، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، رکن قومی اسمبلی عثمان اویسی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔