پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں ہنی ٹریپ میں مبینہ طور پر ملوث ٹک ٹاکر سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے۔
پولیس کے مطابق ٹک ٹاکر کا نام لاریب ہے اور وہ سیالکوٹ کی رہائشی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاریب کی شادی عبداللہ طاہر کو قتل کرنے والے شوٹرز گینگ کے سرغنہ سے ہوئی تھی، تاہم خلع کے بعد اس نے دوسری شادی کرلی۔
پولیس کے مطابق دوسرے شوہر سے علیحدگی کے بعد لاریب نے دوبارہ شوٹرز گینگ کے سرغنہ سے رابطہ کیا، جس کے بعد گینگ لیڈر نے اسے عبداللہ طاہر کو ہنی ٹریپ کرنے کا ٹاسک دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر نے عبداللہ طاہر کی تصاویر گینگ لیڈر کے ساتھ شیئر کیں، تاہم عبداللہ طاہر کی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے پر منصوبہ تبدیل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق لاریب کو بعد ازاں عبداللہ طاہر کے ڈرائیور کو ہنی ٹریپ کرنے کا ٹاسک دیا گیا، جسے مبینہ طور پر مکمل کرنے کے بعد قتل کے منصوبے پر عملدرآمد کیا گیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر کے قتل کی مبینہ ڈیل 20 کروڑ روپے سے زائد میں طے ہوئی تھی، جبکہ کیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔