شرجیل میمن کی درخواست پر کارروائی، سوشل میڈیا مہم سے متعلق 4 افراد طلب

image

صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی درخواست پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے سوشل میڈیا پر مبینہ طور پر ان کے خلاف مہم چلانے کے معاملے کی تحقیقات شروع کرتے ہوئے 4 افراد کو طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے کراچی سے تعلق رکھنے والے سید عبداللہ، امین قریشی، بلال وارثی اور عبید قریشی کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔ چاروں افراد کو جمعرات کو صبح ساڑھے 11 بجے این سی سی آئی اے کے دفتر میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نوٹسز میں طلب کیے گئے افراد کو اپنا قومی شناختی کارڈ، متعلقہ دستاویزات اور زیرِ استعمال ڈیجیٹل ڈیوائسز بھی ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شرجیل انعام میمن نے شکایت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کے خلاف مبینہ طور پر ہتک آمیز اور من گھڑت مواد پھیلایا جا رہا ہے۔

شکایت کے مطابق سوشل میڈیا پر شرجیل انعام میمن کو میر رضا کیس سے جوڑنے کی مبینہ کوشش کی گئی، جبکہ ان کے بیٹے راول شرجیل کو بھی ایک گیسٹ ہاؤس سے منسلک کرنے کی کوشش کی گئی۔

این سی سی آئی اے نے شکایت کی بنیاد پر متعلقہ افراد کو تحقیقات کے لیے طلب کرتے ہوئے مقررہ وقت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US