جڑواں شہروں میں جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، بازاروں میں سبز ہلالی پرچموں کی بہار

image

آزادی یقیناً اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، 14 اگست کی آمد میں صرف تین روز باقی رہ گئے ہیں اور پاکستان اپنی آزادی کے 79ویں یومِ آزادی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں جشنِ آزادی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔

بازاروں، مارکیٹوں اور اہم شاہراہوں پر سبز ہلالی پرچموں اور قومی رنگوں کی بہار نظر آ رہی ہے۔ خواتین، بچے، نوجوان اور بزرگ بڑی تعداد میں جشنِ آزادی کے لیے خریداری میں مصروف ہیں۔ شہری باجے، بیجز، فیس ماسکس، سبز و سفید چوڑیاں، پاکستانی پرچم اور قومی پرچموں والے ملبوسات خرید رہے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے اور وہ اس نعمت پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والی مسلح افواج اور سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جو وطن کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہی ہیں۔

شہریوں نے کہا کہ اس مرتبہ جشنِ آزادی کا جوش و جذبہ مزید بڑھ گیا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے دفاعی تعاون سے خطے میں پاکستان کی دفاعی اہمیت مزید اجاگر ہوئی ہے، جبکہ عوام کا عزم ہے کہ ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد رہیں گے۔

شہریوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف میلی نظر سے دیکھنے والوں کے عزائم کامیاب نہیں ہوں گے، اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت سے پاکستان مزید مضبوط اور مستحکم ہوگا۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ وہ 14 اگست کو بھرپور قومی جوش و جذبے کے ساتھ منائیں گے اور اپنے گھروں، گلیوں، بازاروں اور گاڑیوں کو قومی پرچموں سے سجائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US