بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور آئی ای ڈیز برآمد کی گئیں، جنہیں موقع پر ہی ناکارہ بنا دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کا مقصد بھارتی سرپرستی میں سرگرم پراکسیز کا خاتمہ اور علاقے میں پائیدار امن کا قیام ہے۔ کارروائی کے بعد علاقے میں موجود ممکنہ خطرات کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن بھی کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے وژن کے تحت غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے جاری عزمِ استحکام کے تحت دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔