ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل ناگزیر، بچے گٹر میں گریں تو کسی کی غیرت کیوں نہیں جاگتی؟ مصطفیٰ کمال

image

اسلام آباد میں پاکستان فارما ہیلتھ کیئر ایکسپو سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا، سندھ اور بلوچستان کا رقبہ دنیا کے متعدد ممالک سے بڑا ہے اور ساڑھے 26 کروڑ آبادی کے باوجود محض چار صوبوں کا نظام چلانا ممکن نہیں رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے بنانے سے ملک ٹوٹتا نہیں بلکہ مضبوط ہوتا ہے، نیز وفاق کی جانب سے ہر سال صوبوں کو دیے جانے والے 8884 ارب روپے چار وزرائے اعلیٰ تک تو پہنچ جاتے ہیں مگر یہ فنڈز یونین کونسل کی سطح تک منتقل کرنے کا نظام موجود نہیں۔

وفاقی وزیر نے مقامی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کی بات پر غیرت کا مظاہرہ کیا جاتا ہے، لیکن گٹر میں گر کر بچوں کی ہلاکت پر کسی کی غیرت نہیں جاگتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف دن رات محنت کر رہے ہیں مگر گٹر کے ڈھکن لگانا وزیراعظم کا کام نہیں، اس کے لیے نظام کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ مل بیٹھ کر موجودہ انتظامی و مالیاتی مسائل کا آئینی حل نکالیں۔

مصطفیٰ کمال نے پاک بھارت کشیدگی، ملکی دفاع میں مسلح افواج کے کردار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے دفاعی اعتبار سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی موجودہ صورتحال اور سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں بیرونی عناصر شامل ہیں اور ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موجودہ نظام کی جڑوں کو درست کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US