پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مختلف کیٹیگریز کے تحت مجموعی طور پر 15 لاکھ 42 ہزار 800 یو آر ایل بلاک کر دیے ہیں، جبکہ 76 ہزار 874 یو آر ایل فی الوقت زیرِ جائزہ اور 1 لاکھ 6 ہزار 629 مسترد کیے گئے ہیں۔
سرکاری دستاویزات کے مطابق، غیر اخلاقی مواد سے متعلق 10 لاکھ 65 ہزار 671 یو آر ایل بلاک کیے گئے، جبکہ اسی کیٹیگری کے 563 یو آر ایل زیرِ جائزہ اور 9 ہزار 528 مسترد کر دیے گئے۔ دہشت گردی سے متعلق مواد کے حوالے سے 1 لاکھ 79 ہزار 285 یو آر ایل بلاکنگ کے لیے موصول ہوئے، جن میں سے 1 لاکھ 41 ہزار 897 بلاک کر دیے گئے اور 23 ہزار 241 فی الحال زیرِ جائزہ ہیں۔
دستاویزات کے مطابق اسلام کی عظمت کے خلاف مواد کی کیٹیگری میں 1 لاکھ 36 ہزار 891 یو آر ایل پراسیس کیے گئے۔ پاکستان کی سلامتی اور دفاع کے خلاف مواد کے 1 لاکھ 25 ہزار 427 یو آر ایل پراسیس ہوئے جن میں سے 74 ہزار 59 بلاک کر دیے گئے۔
مزید برآں، فرقہ وارانہ اور نفرت انگیز تقریر کے زمرے میں 76 ہزار 526 یو آر ایل پراسیس کیے گئے، جبکہ پراکسی کیٹیگری میں موصول ہونے والے 10 ہزار 319 یو آر ایل میں سے 10 ہزار 318 بلاک کر دیے گئے۔ علاوہ ازیں، بدنامی اور نقالی کی کیٹیگری میں 44 ہزار 200 یو آر ایل پراسیس کرکے 17 ہزار 356 کو بلاک کردیا گیا۔