ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں 13 سے 15 اگست تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

image

محکمہ موسمیات نے 13 سے 15 اگست کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات سے 15 اگست تک کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ شمال مشرقی پنجاب میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی اور پوٹھوہار کے مختلف علاقوں میں آئندہ دو روز کے دوران بارش متوقع ہے۔ سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خوشاب میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لیہ، بھکر، ساہیوال، پاکپتن، بہاولنگر، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔ سندھ کے تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ جنوب مشرقی اور ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

بارشوں کے باعث بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے 13 سے 15 اگست کے دوران سیاحوں اور مسافروں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US