آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ ن کو واضح برتری حاصل ہوئی، طارق فضل چوہدری

image

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہوگئے ہیں اور پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔

اپنے بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے اختتام تک مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں جیت چکی ہے، جبکہ فارمولے کے تحت پارٹی کو خواتین کی 3 اور دیگر مخصوص نشستوں کی بھی 3 نشستیں ملیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ مخصوص نشستوں میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹس اور علماء و مشائخ کی نشستیں شامل ہیں، جن کے بعد مسلم لیگ (ن) کی مجموعی نشستوں کی تعداد 30 ہوجائے گی۔

وفاقی وزیر کے مطابق آئندہ ہفتے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جائے گا، جس میں نومنتخب اراکین حلف اٹھائیں گے اور مخصوص نشستوں پر انتخاب ہوگا۔ اسی دوران اسپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کرلیا جائے گا۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ایک مضبوط اور مستحکم حکومت کے قیام کی ضرورت ہے، خصوصاً موجودہ حالات کے تناظر میں مؤثر حکومت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات مجموعی طور پر صاف، شفاف اور قابلِ اعتماد رہے، جبکہ بے ضابطگی یا دھاندلی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی گئی۔

ان کے مطابق شفاف انتخابات کے انعقاد سے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ مزید بہتر ہوئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US