پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے 13 اور 14 اگست کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے آنے اور جانے والی پروازوں کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔
پی اے اے کی جانب سے جاری نوٹم میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر آنے والی تمام پروازوں کو اضافی ایندھن رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق 14 اگست کی تقریبات کے سلسلے میں ہونے والی فضائی مشقوں کے باعث پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں تاخیر کا امکان ہے۔
نوٹم کے مطابق ممکنہ تاخیر کی صورت میں طیاروں کو فضا میں انتظار کرنا پڑ سکتا ہے، جس کے پیش نظر تمام پروازوں کے کپتانوں کو اضافی ایندھن لازمی رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اضافی ایندھن رکھنے کی ہدایت کا مقصد ممکنہ فضائی انتظار کے دوران کسی بھی دشواری سے بچاؤ اور پروازوں کی محفوظ آمد و رفت کو یقینی بنانا ہے۔
حکام کے مطابق نوٹم 13 اور 14 اگست کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کو محفوظ اور بلا تعطل رکھنے کے لیے جاری کیا گیا ہے۔