کراچی بندرگاہ پر پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا باقاعدہ آغاز قومی پرچم کشائی سے ہوا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ملکی ترقی کے لیے سب کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہمارے ارادے مضبوط ہیں اور کوئی پاکستان کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی خاطر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔ نئی نسل کو آگاہ کرنا ہوگا کہ پاکستان کے قیام کے لیے کتنی قربانیاں دی گئیں۔
وزیر بحری امور کا کہنا تھا کہ حقیقی خودمختاری مضبوط معیشت اور تجارتی فروغ سے ممکن ہے، علاقائی تجارت اور ٹرانس شپمنٹ کو مزید فروغ دینا ہوگا۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم کی پیش رفت ملکی ترقی کے عزم کی روشن مثال ہے۔