صدر مملکت آصف علی زرداری نے مون سون شجرکاری مہم 2026 کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ درختوں کا تحفظ اور زیادہ سے زیادہ شجرکاری قومی ذمہ داری اور حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ مون سون شجرکاری مہم کے تحت ملک بھر میں 2 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ جنگلات حیاتیاتی تنوع، آبی وسائل اور ماحول کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے جنگلات کا فروغ ناگزیر ہے۔
آصف علی زرداری نے شہریوں، نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور مقامی آبادی پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور حصہ لیں اور مقامی ماحول سے مطابقت رکھنے والے درختوں کی اقسام لگانے کو ترجیح دیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جنگلات کے تحفظ، ماحولیاتی نظام کی بحالی اور زمین کے پائیدار انتظام کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ مون سون شجرکاری مہم ماحولیاتی ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے اور اجتماعی اقدام کی دعوت ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ سرسبز، صاف اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے والے پاکستان کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔ آج لگائے جانے والے درخت آنے والی نسلوں کے صحت مند، محفوظ اور بہتر مستقبل کی ضمانت ہیں۔