پاکستان نے بھارتی وزیر داخلہ کی جانب سے پاکستان پر عائد الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت میں ہونے والی گرفتاریوں اور پاکستان پر عائد الزامات کو محض اندرونی سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں اور سکیورٹی چیلنجز سے توجہ ہٹانے کے لیے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کی ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی، ٹارگٹ کلنگ اور تخریب کاری کے واقعات دنیا سے پوشیدہ نہیں۔ پاکستان بھارت کی جانب سے پاکستان میں دہشتگردی اور تخریب کاری کے ناقابلِ تردید شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کرچکا ہے۔
طاہر اندرابی نے کہا کہ بھارتی نیول کمانڈر کلبھوشن یادیو پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کا واضح ثبوت ہے۔ بھارت کو چاہیے کہ پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے اپنے طرزِ عمل اور داخلی مسائل پر توجہ دے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ بھارت کو ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام اٹھانے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔