راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالہ بپھر گیا، پانی گھروں اور دکانوں میں داخل

image

راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث پیرودھائی، فوجی کالونی اور ڈھوک حسو کے سنگم پر واقع نالہ بپھر گیا، جس کا بارشی پانی گھروں، گلیوں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔

بارشی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ پانی کے ریلے کے باعث شہریوں کا لاکھوں روپے مالیت کا سامان بھی خراب ہوگیا۔

بارش کے پانی کے تیز ریلے کے باعث پلی پر قائم حفاظتی دیوار بھی ٹوٹ گئی، جس سے علاقہ مکینوں میں تشویش پھیل گئی۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ ہر بارش کے دوران نالے کا پانی گھروں میں داخل ہوجاتا ہے، جس سے شہریوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نالے کو گہرا اور کشادہ کیا جائے تاکہ بارشی پانی کی نکاسی بہتر انداز میں ہوسکے اور آبادی کو بار بار درپیش صورتحال سے نجات مل سکے۔

اہل علاقہ نے دعویٰ کیا کہ واسا حکام کی جانب سے نالے کی صفائی پر 43 لاکھ روپے خرچ کیے گئے، تاہم اس کے باوجود نالے کی صفائی مؤثر انداز میں نہیں ہوسکی اور ہر بار بارش کے دوران پانی آبادی میں داخل ہوجاتا ہے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ نالے کی فوری صفائی کے ساتھ ساتھ اس کی گہرائی اور گنجائش بڑھانے کے لیے مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US