نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد اور پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی کہ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کے تحت نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہنرمند اور باصلاحیت نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک کی پہلی نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی کا اجرا نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے مخلصانہ کاوشوں کا عکاس ہے۔ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے بین الوزارتی تعاون اور جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔

انہوں نے نوجوانوں، بالخصوص خواتین کو روزگار کے نئے مواقع سے منسلک کرنے کے لیے انہیں ہنرمند بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کی پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہر ماہ منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے پالیسی سے نوجوانوں کو حاصل ہونے والے فوائد کے حوالے سے آگاہی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک کی ہنرمند افرادی قوت کو اندرون و بیرون ملک کاروباری اور صنعتی ضروریات سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) میں ادارہ جاتی اصلاحات کی گئی ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیوٹیک افرادی قوت کے لیے بین الاقوامی سرٹیفیکیشن اور مطلوبہ زبانوں میں مہارت کے حصول کے حوالے سے بھی اقدامات کر رہا ہے، جبکہ بیرون ملک روزگار کے خواہشمند نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی طلب کے مطابق تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومتی اقدامات کے تحت ڈیجیٹل یوتھ ہب کے ذریعے نوجوانوں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر اندرون اور بیرون ملک روزگار کے مواقع کی تفصیلات فراہم کی جا رہی ہیں۔ نیشنل یوتھ ایمپلائمنٹ پالیسی پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام وزارتیں اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مشاورت سے کام کر رہے ہیں۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ تعلیمی اداروں میں یوتھ ڈویلپمنٹ سیلز قائم کیے جا رہے ہیں، جو نوجوانوں کی رہنمائی، کیریئر کاؤنسلنگ اور روزگار و ہنرمندی کے مواقع سے آگاہی فراہم کریں گے۔

اجلاس میں چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US