وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اطلاعات اور بیانیے کی جنگ میں تاثر اور حقیقت کے درمیان موجود خلا کو کم کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔
ایس ایس ڈی او کی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں اور یہ قوم دنیا کے لیے ایک مضبوط ڈھال ثابت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے سائبر کرائمز سے نمٹنے کے لیے قانونی فریم ورک تشکیل دیا ہے اور جدید خطوط پر ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق پاکستان کا سافٹ امیج عالمی سطح پر مزید بہتر ہو رہا ہے، ملک کو سفارتی کامیابیاں مل رہی ہیں اور دنیا پاکستان کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
بلوچستان کی ترقی کو حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن، معاشی استحکام اور فلاحی منصوبوں کے لیے تمام ادارے اور حکومتیں متحد ہیں۔