شناختی کارڈ بنوانے کے لیے کون سا میڈیکل ٹیسٹ لازمی قرار دیا جائے گا؟

image

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اعلان کیا ہے کہ شناختی کارڈ بنوانے کے عمل کے ساتھ ہیپاٹائٹس سی کی اسکریننگ کو لازمی قرار دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہر شہری کی ہیپاٹائٹس سی کے لیے اسکریننگ کی جائے گی اور اس کا ریکارڈ نادرا کے ڈیٹا سے منسلک کیا جاچکا ہے۔ ان کے مطابق اسکریننگ کے لیے ضروری آلات بھی فراہم کر دیے گئے ہیں تاکہ ملک بھر میں اس عمل کو وسعت دی جاسکے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزارت صحت کے ملازمین کے لیے ہیپاٹائٹس سی ٹیسٹ پہلے ہی لازمی قرار دیا جا چکا ہے۔ جو ملازم ٹیسٹ نہیں کروائے گا، اس کی تنخواہ روک دی جائے گی۔ ان کے مطابق وزرا سمیت دیگر سرکاری ملازمین کی اسکریننگ بھی یقینی بنانے کے لیے تمام وزارتوں کو مراسلے ارسال کیے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت نے بتایا کہ پاکستان میں ایک کروڑ سے زائد افراد ہیپاٹائٹس سی سے متاثر ہیں۔ حکومت کے پی ایم ہیپاٹائٹس پروگرام کے تحت متاثرہ مریضوں کو تقریباً 68 ہزار روپے مالیت کی ادویہ مفت فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مفت اسکریننگ کے لیے 17 مراکز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ نجی اسپتالوں کو بھی ٹیسٹنگ کٹس فراہم کی جائیں گی تاکہ ملک بھر میں زیادہ سے زیادہ افراد تک اسکریننگ کی سہولت پہنچائی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US