نادرا اور نیشنل فارنزکس ایجنسی کے درمیان باہمی تعاون کا معاہدہ طے پا گیا

image

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) اور نیشنل فارنزکس ایجنسی (این ایف اے) کے درمیان باہمی تعاون بڑھانے اور شناخت کے تحفظ سمیت فارنزک سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں اداروں کے درمیان باہمی تعاون اور اشتراک کا فریم ورک وضع کیا گیا ہے، جس کے تحت پیچیدہ شناختی معاملات، بائیومیٹرک مسائل، جعلی شناخت اور فارنزک جانچ کے شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کیا جائے گا۔

اس تعاون کے ذریعے دونوں ادارے ایک دوسرے کی مہارتوں اور تکنیکی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائیں گے، جس سے جرائم کی تحقیقات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

معاہدے کے تحت نادرا اور این ایف اے اپنے قانونی دائرہ اختیار اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق پیچیدہ معاملات میں شناخت اور تصدیق کے عمل کو بہتر بنانے اور فارنزک خدمات تک رسائی آسان بنانے کے لیے بھی اقدامات کریں گے۔

دونوں اداروں کے درمیان تعاون سے قابلِ اعتماد شناختی شواہد کے مؤثر استعمال کے ذریعے قومی سلامتی، امن و امان کے قیام اور نظامِ انصاف کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔

مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے موقع پر دونوں اداروں کی قیادت اور سینئر نمائندے بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US