دہشت گردی کا جلد جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا: ایوانِ صدر میں آصف زرداری اور سرفراز بگٹی کی گفتگو

image

صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ایوانِ صدر میں ملاقات کی، جس میں بلوچستان کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں امن، ترقی اور عوامی فلاح کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ رقبے کے لحاظ سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کو خصوصی توجہ اور اضافی وسائل فراہم کیے جانے چاہئیں۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر بلوچستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم ان کے مذموم عزائم ہر قیمت پر ناکام بنائے جائیں گے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل اور جڑ سے خاتمہ کر دیا جائے گا۔

ملاقات میں پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور اور بلوچستان کے سابق وزیر میر علی حسن زہری بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US