وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کو فوری طور پر کراچی پہنچنے اور آئل ریفائنریز سے مذاکرات کرکے ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم سے وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملاقات کی، جس میں وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک اور رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز بھی شریک ہوئے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے وزیرِ پیٹرولیم کو ہدایت کی کہ وہ فی الفور کراچی پہنچیں اور مقامی ریفائنریز سے مذاکرات کرکے مقامی طور پر تیار ہونے والے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے لیے اقدامات یقینی بنائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈیزل کی بڑی مقدار مقامی ریفائنریز میں تیار ہوتی ہے، اس لیے اس کی قیمتوں میں کمی کے لیے ریفائنریز کے ساتھ مذاکرات جلد از جلد مکمل کیے جائیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو جس قدر ممکن ہو فوری ریلیف فراہم کیا جائے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔