نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی کارڈ بروقت وصول کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ نادرا کے مطابق درخواست جمع کرانے کے بعد جب کارڈ تیار ہوجائے تو اسے مقررہ مدت کے اندر وصول کرلینا چاہیے تاکہ بعد میں کسی اضافی کارروائی یا خرچ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
نادرا کی پالیسی کے تحت اگر شہری اپنا تیار شدہ شناختی کارڈ وصول نہ کریں تو ڈلیوری کی آخری تاریخ گزرنے کے تین ماہ بعد کارڈ تلف کردیا جاتا ہے۔ ایسی صورت میں شہری کو دوبارہ شناختی کارڈ کے لیے درخواست دینا ہوگی اور مقررہ فیس بھی ادا کرنا پڑے گی۔
نادرا نے شہریوں کو یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ اگر نادرا سینٹر یا زونل بورڈ میں کسی دستاویز کے حوالے سے ابہام ہو یا عملے کی ہدایات سمجھ نہ آرہی ہوں تو خاموش رہنے کے بجائے متعلقہ افسر سے تحریری طور پر مطلوبہ دستاویزات کی تفصیل طلب کریں۔
اتھارٹی کے مطابق شہریوں کو یہ حق حاصل ہے کہ انہیں سروس حاصل کرنے کے لیے درکار کاغذات کے بارے میں واضح تحریری معلومات فراہم کی جائیں۔ اگر متعلقہ افسر تحریری ہدایات دینے سے گریز کرے تو شہری نادرا کی کسٹمر سروسز کے ذریعے شکایت درج کراسکتے ہیں۔
شکایت کے لیے نادرا کے آن لائن پورٹل nccms.nadra.gov.pk یا ای میل [[email protected]](mailto:[email protected]) کے ذریعے بھی رابطہ کیا جاسکتا ہے۔